ایران کی سخت وارننگ، "حملہ ہوا تو عرب ممالک کو اونٹوں کے دور میں پہنچا دیں گے"

تہران (انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 جولائی 2026ء) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے اس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تو اس کا ردعمل انتہائی شدید ہوگا، جس کے نتیجے میں خطے کے انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ایرانی فوج کے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے مطابق امریکی کارروائی کی صورت میں خطے کے اہم انفراسٹرکچر کو اس حد تک تباہ کیا جائے گا کہ گویا اس کا کبھی وجود ہی نہ تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عرب ممالک کو "اونٹوں کے دور" جیسی صورتحال سے دوچار کر دیا جائے گا، جبکہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو تنازع پورے خطے میں پھیل سکتا ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران نے یمن میں موجود حوثی گروپ کو ممکنہ کارروائی کے لیے تیار رہنے کا پیغام بھیج دیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر ایران کے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا تو باب المندب اور بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایرانی ہدایات کے بعد حوثیوں نے ساحلی علاقوں میں میزائلوں اور ڈرونز کی تعیناتی شروع کر دی ہے۔
